سرینگر:10/اپریل(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا ) جنوبی کشمیر کے شوپیاں اور پلوامہ اضلاع میں غیر سماجی عناصر نے دو سرکاری اسکولوں میں آگ لگا دی۔ ان دونوں اسکولوں کو اننت ناگ لوک سبھا علاقے کے بدھ کو ہونے والے ضمنی انتخابات کے لئے انتخابی مرکز بنایا گیا تھا۔ ایک پولیس افسر نے بتایا کہ کل رات شوپیاں ضلع کے پددارپرا علاقے میں سماج دشمن عناصر نے ایک سرکاری اسکول کی عمارت میں آگ لگا دی۔انہوں نے بتایا کہ اس اسکولی عمارت کو انتخابی مرکز بنایا گیا تھا، آگ پر قابو پا لیا گیا ہے لیکن اس سے گھر کو جزوی نقصان ہوا ہے۔افسر نے بتایا کہ کل رات شرارتی عناصر نے پلوامہ ضلع کے ارہل علاقے کی ایک اور اسکولی عمارت میں آگ لگا دی۔پولیس فورسز نے مقامی لوگوں کی مدد سے آگ بجھایا۔اننت ناگ لوک سبھا علاقے میں کلگام، پلوامہ، شوپیاں اور اننت ناگ ضلع آتے ہیں، جہاں بدھ کو الیکشن ہونا ہے۔